خادم حسین رضوی کی زندگی


By Muhammad Utban ABid 20/11/2024 12:01 PM ilmkidunya.com

پیدائش

خادم حسین رضوی 22 جون 1966ء کو ضلع اٹک کی تحصیل پنڈی گھیب کے گاؤں "نکہ کلاں" میں حاجی لعل خان اعوان کے ہاں پیدا ہوئے۔

تعلیم

خادم حسین رضوی نے اپنی ابتدائی تعلیم اپنے گاؤں میں چوتھی جماعت تک حاصل کی۔ اس کے بعد انہیں دینی تعلیم کے لیے جہلم کے ایک مدرسے میں داخل کرایا گیا جہاں انہوں نے قرآن پاک حفظ کیا۔ 1980 میں مزید تعلیم کے لیے وہ لاہور چلے گئے اور جامعہ نظامیہ رضویہ میں درس نظامی کی تعلیم حاصل کی۔ 1988 میں وہ جامعہ نظامیہ رضویہ سے فارغ التحصیل ہوئے۔

دینی خدمات

علامہ حافظ خادم حسین رضوی نے داتا دربار کے قریب واقع پیر مکی مسجد میں بطور خطیب اپنی خدمات جاری رکھیں۔ 1993 میں وہ محکمہ اوقاف میں بھرتی ہوئے، جہاں سے فراغت کے بعد انہوں نے لاہور کے یتیم خانہ میں واقع مسجد رحمت اللعالمین میں بھی خطابت کے فرائض انجام دیے۔

معذوری

سال 2009ء میں مولانا امیر حسین رضوی، اپنے گاؤں میں مسجد کی تعمیر کے لیے جا رہے تھے۔ راستے میں ڈرائیور کو نیند آگئی اور گاڑی ایک موڑ سے نیچے جا گری۔ جس کے نتیجے میں ان کے سر اور ریڑھ کی ہڈی پر شدید چوٹیں آئیں۔ اس حادثے کے باعث وہ معذور ہو کر ویل چیئر تک محدود ہو گئے۔

اولاد

خادم حسین رضوی کی شادی ان کے چچا کی بیٹی سے ہوئی، جس کے لیے رشتہ آپ کے والد، حاجی لعل خان نے پسند کیا تھا۔ حافظ خادم حسین رضوی کے دو بیٹے اور چار بیٹیاں ہیں، اور دونوں بیٹے حافظ قرآن ہیں۔

اندازِ خطابت

خادم حسین رضوی اپنے منفرد اندازِ خطابت کی وجہ سے بہت مشہور تھے۔ وہ عموماً پنجابی زبان میں تقریر کرتے تھے اور ان کی زبان اکثر بہت تلخ اور سخت ہوتی تھی۔ ان کی تقاریر کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بے حد مقبول ہوئیں تھی۔

ممتاز قادری کی حمایت

خادم حسین رضوی نے گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو قتل کرنے والے ممتاز قادری کی حمایت کی تھی اور ان کی پھانسی کے بعد اسلام آباد میں احتجاج بھی کیا تھا، جس کے بعد وہ میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے۔ اگرچہ ان کا احتجاج کچھ دنوں بعد ختم ہو گیا، مگر اس کے بعد بھی ان کے بیانات مسلسل سامنے آتے رہے۔

تحریک لبیک کا آغاز

نومبر 2017 میں لاہور کے حلقہ 120 میں ضمنی انتخابات کے دوران تحریک لبیک نے سیاسی جماعت کے طور پر قدم رکھا اور تقریباً سات ہزار ووٹ حاصل کیے۔ اس الیکشن میں مسلم لیگ ن کی امیدوار کلثوم نواز، سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ تھیں۔

وفات

تحریک لبیک پاکستان کے بانی خادم حسین رضوی 55 سال کی عمر میں لاہور میں طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے انتقال کر گئے تھے۔

اسموگ کے نقصانات اور بچنے کے مؤثر طریقے